0:00
0:00

باب 145

اَے میرے خُدا!اَے بادشاہ ! میَں تیری تمجید کرونگا۔ اور ابدالآباد تیرے نام کو مُبارِک کہونگا۔
2 میَں ہر روز تجھے مُبارِک کہونگا۔ اور ابدلآباد تیرے نام کی ستایش کرونگا۔
3 خُداوند بُزرگ اور بیحَد ستایش کے لائق ہے۔اُسکی بُزرگی اِدراک سے باہر ہے۔
4 ایک پُشت دُوسری پُشت سے تیرے کاموں کی تعریف اور تیری قُدرت کے کاموں کا بیان کریگی۔
5 میَں تیری عظمت کی جلالی شان پر اور تیرے عجائب پر غور کرونگا۔
6 اور لوگ تیری قُدرت کے ہولناک کاموں کا ذِکر کرینگے۔ اور میَں تیری بزُرگی بیان کرونگا۔
7 وہ تیرے بڑے احسان کی یادگار کا بیان کرینگے۔ اور تیری صداقت کا گیت گائینگے۔
8 خُداوند رحیم و کریم ہے۔ وہ قہر کرنے میں دھیما اور شفقت میں غنی ہے۔
9 خُداوند سب پر مہربان ہے۔ اور اُسکی رحمت اُسکی ساری مخلوق پر ہے۔
10 اَے خُداوند! تیری ساری مخلوق تیرا شُکر کریگی۔ اور تیرے مُقّدس تجھے مُبارِک کہیں گے۔
11 اور تیری سلطنت کے جلال کا بیان اور تیری قُدرت کا چرچا کریں گے۔
12 تاکہ بنی آدم پر اُسکی قُدرت کے کاموں کو اور اُسکی سلطنت کے جلال کی شان کو ظاہر کریں۔
13 تیری سلطنت ابدی سلطنت ہے۔ اور تیری حکومت پُشت در پُشت۔
14 خُداوند گِرتے ہوئے کو سنبھالتا اور جھُکے ہوئے کو اُٹھا کھڑا کرتا ہے۔
15 سب آنکھیں تجھ پر لگیں ہیں۔ تُو اُنکو وقت پر اُنکی خوراک دیتا ہے۔
16 تُو اپنی مُٹھّی کھولتا ہے۔ اور ہر جاندار کی خواہش پوری کرتا ہے۔
17 خُداوند اپنی سب راہوں میں صادق اور اپنے سب کاموں میں رحیم ہے۔
18 خُداوند اُن سب کے قریب ہے جو اُس سے دُعا کرتے ہیں۔ یعنی اُن سب کے جو سچّائی سے دُعا کرتے ہیں۔
19 جو اُس سے ڈرتے ہیں وہ اُنکی مرُاد پوری کرے گا۔ اور اُنکی فریاد سُنیگا اور اُنکو بچا لیگا۔
20 خُداوند اپنے سب مُحبت رکھنے والوں کی حفاظت کریگا۔ لیکن سب شریروں کو ہلاک کر ڈالیگا۔
21 میرے مُنہ سے خُداوند کی ستایش ہو گی۔ اور ہر بشر اُسکے پاک نام کو ابُدالآبادمُبارِک کہے۔